گاندھی نگر، 23؍ فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) گجرات اسمبلی کے سیشن شروع ہوتے ہی بی جے پی اور کانگریس کے ممبران اسمبلی کے درمیان مار پیٹ شروع ہو گئی۔ مار پیٹ کے معاملے میں کانگریس کے 2 ممبران اسمبلی کو اس سیشن کے لئے معطل کیا گیا ہے ۔ سیشن کے دوران ہی اسمبلی میں کسان کے بارے میں کانگریس ممبر اسمبلی پریش دھانانی کی طرف سے سوال پوچھا گیا۔ اس سوال کے بارے میں بی جے پی کے وزیر کی طرف سے دئے گئے جواب کے بعد حکمران فریق اور اپوزیشن پارٹی کے درمیان شروع ہوا ہنگامہ اتنا بڑھ گیا کہ بات مارپیٹ تک پہنچ گئی۔ اسمبلی کے صدر نے اسمبلی میں کی گئی مارپیٹ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کارروائی کی اور کانگریس کے دو رکن اسمبلی پریش دھانانی اور بلدیو جی ٹھاکور کو جب تک قانون سازی سیشن چلے گا تب تک کے لئے معطل کر دیا، اس کے بعد کانگریس کی طرف سے بی جے پی پر من مانی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔